*صرف پانچ منٹ کا مدرسہ قرآن و حدیث کی روشنی میں*
06 *محرم الحرام*
نمبر (1):(( *اسلامی تاریخ*))
*حضرت آدم علیہ السلام کا دنیا میں آنا*
حضرت آدم علیہ السلام جنت میں تنہا رہتے ہوئے بےچینی محسوس کرنے لگے، تو تسلی کے لیے اللــہ تعالی نے ان کی بائیں پسلی سے حضرت حوا علیہا السلام کو پیدا کیا اور دونوں کو حکم دیا کہ اس درخت کے علاوہ جنت کی تمام نعمتوں کا استعمال کرو، شیطان نے وسوسہ ڈال کر بہکایا کہ اس درخت کی خصوصیت یہ ہے کہ اس کا پھل کھانے کے بعد تم ہمیشہ جنت میں رہو گے، چنانچہ شیطان کے دھوکے میں آ کر انہوں نے اس درخت کا پھل کھا لیا اللــہ تعالی نے اس غلطی کی وجہ سے جنت کا لباس اتار کر دونوں کو دنیا میں بھیج دیا، حضرت آدم علیہ السلام اپنی غلطی پر بہت شرمندہ ہوئے اور ایک مدت تک توبہ و استغفار کرتے ہوئے اللہ کے سامنے روتے رہے، پھر اللــہ تعالی نے ان کی توبہ قبول فرمائی، اس کے بعد دنیا میں حضرت آدم علیہ السلام اور ہوا علیہا السلام ہی سے نسل انسانی کا سلسل شروع ہوا۔
نمبر(2):(( *حضور ﷺ کا معجزه*))
*چاند کے دو ٹکڑے ہونا*
کفار مکہ نے رسول اللہ ﷺ سے یہ درخواست کی کہ اپنی نبوت کی کوئی نشانی بتلائے، تو آپ ﷺ نے چاند کی طرف انگلی سے اشارہ کر کے چاند کا دو ٹکڑے ہو جانا دکھلایا۔ (بخاری: 3637، مسلم: 7076، عن انس رضی اللہ عنہ)
نمبر (3):(( *ایک فرض کے بارے میں*))
*حج کی فرضیت*
رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اے لوگو! تم پر فرض کر دیا گیا ہے، لہذا اس کو ادا کرو۔ (مسلم: 3257، عن ابی ہریرہ رضی اللہ عنہ)
نمبر (4):(( *ایک سنت کے بارے میں*))
*میزبان کو دعا دینا*
حضرت عبد اللہ بن بسر رضی اللہ عنہ نے فرمایا: رسول اللــہ ﷺ ہمارے والد کے پاس مہمان ہوئے، تو ہم نے آپ کے لیے کھانا تیار کیا، جب آپ واپس ہوئے، تو حضرت عبداللہ کے والد حضرت بسر نے حضور ﷺ کی سواری کی لگام پکڑ کر دعا کی درخواست کی، آپ نے یہ دعا فرمائی:
*اَللّٰهُمَّ بَارِكْ لَهُمْ فِيْماَ رَزَقْتَهُمْ وَ اغْفِرْ لَهُمْ وَ ارْحَمْهُمْ*
*ترجمہ:* اے اللہ! ان کو جو تو نے رزق دیا ہے، اس میں ان کے لیے برکت عطا فرما اور ان کی مغفرت فرما اور ان پر رحم فرما۔
(مسلم: 5328)
نمبر (5):(( *ایک اہم عمل کی فضیلت*))
*ماہِ محرم میں روزہ رکھنا*
رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ماہ رمضان کے بعد سب سے افضل محرم کے مہینہ کا روزہ ہے اور فرض نمازوں کے بعد سب سے افضل نماز رات کی نماز ہے. (یعنی تہجد کی نماز )۔ (مسلم: 2755، عن ابی ہریرہ رضی اللہ عنہ)
نمبر (6):(( *ایک گناہ کے بارے میں*))
*یتیموں کا مال کھانا*
قرآن شریف میں اللــہ تعالی فرماتا ہے: جو لوگ یتیموں کا مال ناحق کھاتے ہیں، وہ لوگ اپنے پیٹوں میں آگ ہی بھر رہے ہیں اور یہ لوگ عنقریب آگ میں داخل ہوں گے۔ (سورۂ نساء: 10)
نمبر (7):(( *دنیا کے بارے میں*))
*دنیا کا فائدہ وقتی ہے*
قرآن شریف میں اللہ تعالی فرماتا ہے: اے لوگو! تمہاری نافرمانی اور بغاوت کا وبال تم ہی پر پڑنے والا ہے، دنیا کی زندگی کے سامان سے تھوڑا فائدہ اٹھا لو، پھر تم کو ہماری طرف واپس آنا ہے، تو ہم ان سب کاموں کی حقیقت سے تم کو آگاہ کر دیں گے جو تم کیا کرتے تھے۔ (سورہ یونس: 23)
نمبر (8):(( *آخرت کے بارے میں*))
*مومن کے لیے قیامت کے دن کی مقدار*
رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: مومنین پر قیامت کا دن ظہر اور عصر کے درمیانی وقت کے برابر ہوگا۔
مستدرک حاکم: 283، عن ابی ہریرہ رضی اللہ عنہ)
*خلاصہ:* قیامت کا ایک دن دنیا کے پچاس ہزار سال کے برابر ہوگا لیکن ایمان والا اسے ظہر و عصر کے درمیانی وقت کے برابر محسوس کرے گا.
نمبر (9):(( *طب نبوی سے علاج*))
*نظر بد کا علاج*
حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں: جس کی نظر لگی ہو اس سے وضو کرایا جائے، پھر اسی پانی سے وہ شخص جس کو نظر لگی ہے غسل کرے۔ (ابو داؤد: 3880)
*نوٹ:* جس کے بارے میں یہ گمان ہو کہ اس کی نظر لگی ہے تو اس کے وضو کے پانی سے غسل کرایا جائے۔
نمبر (10):(( *نبی ﷺ کی نصیحت*))
رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اگر تم اللہ تعالی پر اس طرح بھروسہ کرو، جیسا کہ بھروسہ کرنے کا حق ہے، تو تم کو بھی اسی طرح روزی ملے جیسے چڑیوں کو ملتی ہے کہ وہ صبح کو خالی پیٹ جاتی ہیں اور شام کو پیٹ بھر کر واپس آتی ہیں۔ (ترمذی: 2344، عن عمر بن الخطاب رضی اللہ عنہ)
mislami.com